Fatwa Namaz
*••••••••سوال••••••••*
میرا سوال یہ ہے کہ عموماً سردیوں میں شال یا گرم چادر اوڑھ کر لوگ نماز پڑھتے ہیں بعض لوگوں کی چادریں سر پر سے ہوتی ہیں اور بعض نے فقط کندھوں سے پہنی ہوتی ہے رہنمائی فرمادیں کہ کونسا طریقہ جائز ہے؟
اور یہ بھی بتادیں کہ اگر کوئی شال یا چادرر پہنی ہو اور قیام کی حالت میں ہاتھوں کو چادر میں چھپانا کیسا؟ برائے کرم رہنمائی فرمادیں۔
سائل: قاری غلام محمد۔ لیاقت پور
*•••••الجواب بعون اللّٰہ تعالیٰ•••••*
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ سے اسی طرح کا سوال ہوا ، تو ارشاد فرمایا:’’چادر اوڑھنے میں بہتر یہ ہے کہ سر سے اوڑھے،اس طرح سے اوڑھنا مطابق سنت ہے اور کندھے سے اگر اوڑھی جب بھی نماز ہو جائے گی ،نماز میں کراہت نہیں۔‘‘
(فتاویٰ امجدیہ،ج1،ص200،مطبوعہ مکتبہ رضویہ،کراچی)
(2)نماز کے دوران قیام کی حالت میں چادر کے اندرہاتھ باندھ لینا جائز ہے ،کیونکہ نماز کے دوران ہاتھ ننگے رکھنا ضروری نہیں ،لیکن بہتر یہ ہےکہ سردی وغیرہ عذر نہ ہو ، تو ہاتھ چادر سے باہر نکال کر ہی باندھے جائیں۔
جواز پر یہ دلیل ہے جومسلم شریف میں حضرت وائل بن حجر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے سرکار صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز پڑھتے ہوئے اس حالت میں دیکھاکہ:’’رفع یدیہ حین دخل فی الصلاۃ کبر ،وصف ھمام حیال اذنیہ ثم التحف بثوبہ ،ثم وضع یدہ الیمنی علی الیسری ،فلما اراد ان یرکع اخرج یدیہ من الثوب ‘‘ ترجمہ: سرکار صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز میں داخل ہوئے تو ہاتھوں کو اٹھا کر تکبیر تحریمہ کہی (ھمام نے کہا کہ کانوں کے برابر ہاتھ اٹھائے)پھر اپنے آپ کو کپڑے میں لپیٹا اور دائیں ہاتھ کو الٹے ہاتھ پر رکھ لیا ،پھر جب رکوع کرنے کا ارادہ کیا، تو اپنے ہاتھوں کو کپڑے سے نکال لیا۔
(صحیح مسلم ،ج1،ص173،مطبوعہ کراچی)
’’التحف بثوبہ‘‘کے تحت ملا علی قاری حنفی لکھتے ہیں :’’ اخرج یدہ من الکم حین کبر للاحرام ،ولما فرغ من التکبیر ادخل یدیہ فی کمیہ ،قال ابن الملک ولعل التحاف یدیہ بکمیہ لبرد شدید ‘‘یعنی سرکار صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر تحریمہ کے لیے آستین سے اپنے ہاتھ مبارک نکالے ،جب تکبیر سے فارغ ہوئے ،تو پھر آستین میں ہاتھوں کو داخل کر لیا ،ابن ملک نے فرمایا شاید ہاتھوں کو لپیٹنا شدیدسردی کے باعث تھا ۔
(مرقاۃ المفاتیح شرح مشکاۃ المصابیح،ج2،ص657،مطبوعہ دار الفکر،بیروت)
مجمع الانہر شرح ملتقی الابحر ہے:’’یجوز ادخالھما فی الکمین فی غیر حال التکبیر لکن الاولی اخراجھما فی جمیع الاحوال‘‘ترجمہ:تکبیر تحریمہ کے علاوہ دونوں ہاتھوں کو آستینوں میں داخل کرنا ، جائز ہے ، لیکن اولیٰ یہ ہے کہ نماز کے تمام احوال میں دونوں ہاتھ آستین سے باہر رکھے جائیں ۔
(مجمع الانھر شرح ملتقی الابحر،ج1،ص91،مطبوعہ دار احیاء التراث ،بیروت)
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
*✍🏻: محمد احمد فرید مدنی*
*📲+923203858380*
#AhsanNetworkOfficial
Comments
Post a Comment